حوثی باغیوں کا متحدہ عرب امارات پر بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا
ابو ظہبی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات پر اتوار کی صبح حوثنی باغیوں کی جانب سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائل کو ایئر ڈیفنس فورسز نے ہوا میں ہی تباہ کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ میزائل کے ٹکڑے مختلف غیر آباد علاقوں میں گرے جس کے باعث کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہواہے ۔
وزارت دفاع کا کہناتھا کہ ایئر ڈیفنس فورسز اور اتحادی فورسز نے کامیابی کے ساتھ حوثی باغیوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل کو ہوا میں ہی تباہ کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا ۔وزارت کا کہناتھا کہ متحدہ عرب امارات کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہم کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں ۔