بگ باس 15 کا ٹائٹل کس نے جیتا؟
(قدرت روزنامہ)بھارتی ٹی وی اسٹار تیجسوی پرکاش نے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 15 کا ٹائٹل جیت لیا۔
گزشتہ برس سے شروع ہونے والا بھارت کا مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 15 اختتام پذیر ہوگیا ہے اور اس سیزن کی فاتح سب سے مضبوط اُمیدوار تیجسوی پرکاش قرار پائی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بگ باس 15 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں تیجسوی پرکاش، کرن کندرا، پراتک سہجپال، شمیتا شیٹی اور نشانت بھت شامل تھے۔
تمام سرفہرست پانچ فائنلسٹس کو ایک سوٹ کیس پیش کیا گیا جس کی قیمت 10 لاکھ روپے تھی، نشانت نے نقد رقم کے ساتھ شو سے واک آؤٹ کیا اور فاتح کی ٹرافی کی دوڑ چھوڑ دی تھی۔
بگ باس کے میزبان و اداکار سلمان خان نے نشانت کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہوں نے 10 لاکھ کے ساتھ واک آؤٹ کرنے کا صحیح فیصلہ کیا اور بتایا کہ انہیں شو کا فاتح بننے کے لیے کافی ووٹ نہیں ملے۔
ووٹوں کی گنتی کے بعد آخر میں صرف دو اُمیدوار ٹرافی کی دوڑ میں باقی رہے جن میں تیجسوی پرکاش اور پراتک سہجپال تھے۔
زیادہ ووٹ ملنے کی بنیاد پر اداکارہ تیجسوی پرکاش نے ماڈل پراتیک سہجپال کو شکست دے کر بگ باس 15 کی فاتح کا تاج اپنے سر پر سجایا۔