کیا اس حکومت میں کوئی ایسی چیز ہے جو ٹھیک کام کر رہی ہے؟ مریم نواز
لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا کوئی ایسی چیز ہے جو اس حکومت کے تحت صحیح طریقے سے کام کر رہی ہے؟۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عیسائی پادری کا دن دہاڑے قتل انتہائی تکلیف دہ اور تشویشناک ہے ، پاکستان کا جھنڈا تمام شہریوں خصوصاً اقلیتوں کے مساوی حقوق کے وعدے کے ساتھ بنایا گیا تھا ۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نے اس موقع پر سوال کیا کہ وہ حقوق کہاں ہیں؟ کیا کوئی ایسی چیز ہے جو اس حکومت کے تحت صحیح طریقے سے کام کر رہی ہے؟۔
خیال رہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں فائرنگ کے واقعے میں ایک مسیحی پادری ہلاک اورایک اور ایک شخص زخمی ہوگیا ، پشاور پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی ابتدائی تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ گلبہار کی حدود میں رنگ روڈ پر مدینہ مارکیٹ کے نزدیک نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ، فائرنگ کے اس واقعہ میں ولیم سراج گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے ، ویلیم سراج علاقہ تھانہ چمکنی کی حدود میں واقع چرچ میں اسسٹنٹ پادری تھے ۔
پشاور کے بشپ ہیمفری بشپ سرفراز نے بتایا کہ دونوں پادری پھندو کے علاقے میں قائم ایک چرچ میں عبادت کے بعد موٹر سائکل پر جا رہے تھے کہ گلبہار کے علاقے میں ان پر فائرنگ کی گئی ، اس واقعہ کے بعد پادری ویلیم سراج کو فوری طور پر پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال لے جایا گیا لیکن پادری ولیم سراج ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ہلاک ہو چکے تھے جب کہ دوسرے پادری معمولی زخمی تھے جن کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ۔
دوسری جانب پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد کی بھی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ، تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لئے ، نزدیکی مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔