انگلینڈ کے پاس دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا : ایلکس ہیلز
کراچی (قدرت روزنامہ) انگلش بلے باز ایلکس ہیلز نے برطانوی ٹیم کے پاس پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ ایلکس ہیلز ان 24 انگلش کرکٹرز میں سے ایک ہیں جو اس سال پاکستان سپر لیگ میں مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کررہے ہیں، یہ 24 کرکٹرز انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے 3 ماہ بعد ہی پاکستان آئے جن میں سے 8 کرکٹرز ایسے ہیں جو انگینڈ کی موجودہ ٹیم کا حصہ ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ دورے کی منسوخی کے 3 ماہ بعد 24 انگلش کرکٹرز کی پاکستان آمد کیا پیغام دیتی ہے تو 33 سالہ ایلکس ہیلز نے کہا کہ پیغام یہی جاتا ہے کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انگلینڈ کی جانب سے 70 ون ڈے، 60 ٹی ٹونٹی اور 11 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے ایلکس ہیلز نے کہا کہ جس طرح پاکستان ٹیم کووڈ وبا کے دوران انگلینڈ آئی اور ای سی بی کی مدد کی اس کے بعد مختصر دورے سے انکاری ہونے کا جواز نہیں تھا۔
ایلکس ہیلز نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا میں انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی مدد کی، اس کے بعد منسوخی کی منطق نہیں تھی۔ پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین ملک ہے، انگلینڈ کو صرف مختصر دورے کیلئے پاکستان آنا تھا۔ متعدد بار پاکستان آیا ہوں، ہر بار بہت انجوائے کیا، پاکستان کی خوبصورتی کا سنا ہے، کورونا کے باعث گھومنے کا موقع نہیں ملا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اعلیٰ معیار کا ٹورنامنٹ ہے، اس ایونٹ میں بطور بیٹر کھیلنا مشکل ہے کیونکہ بولنگ بہت ہی زبردست ہے۔ بائیو سیکیور ببل کی زندگی آسان نہیں ہوتی، ذاتی اہداف کبھی نہیں رکھتا، میرے لیے ٹرافی جیتنا زیادہ اہم ہے۔ میری کوشش ہے، زیادہ رنز بناؤں، ٹیم میں واپسی کا یہی راستہ ہے، ہوم گراؤنڈ میں ورلڈ کپ مس کرنے کا دکھ بھی ہے اور غصہ بھی ہے۔