لیڈر کے قریب جانے کا مشن‘ حمزہ شہباز کی پیشی پر لیگی کارکن آپس میں الجھ پڑے

لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور میں حمزہ شہباز کی عدالت سے واپسی پر مسلم لیگ ن کے کارکن آپس میں الجھ پڑے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے کارکن پارٹی رہنماء حمزہ شہباز کی گاڑی کے قریب پہنچ کر نعرے لگانے کی دوڑ میں آپس میں الجھتے رہے ، اس دوران ہوئے جھگڑے میں لیگی کارکنوں نے ایک دوسرے پر مکوں اور گھونسوں سے حملہ کیا ، جھگڑا شدید ہونے پر سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو کارکنوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرانے کے لیے آنا پڑا ۔
قبل ازیں اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی ، عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کردی ، اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی ۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں درخواست ضمانت دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا بے بنیاد مقدمہ درج کیا ، خدشہ ہے کہ ایف آئی اے حکام کیس میں گرفتار کرلیں گے ، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ عبوری ضمانت منظور کرکے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکا جائے ۔

اسپیشل سینٹرل کورٹ نے عبوری ضمانت دینے سے قبل شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بنکنگ جرائم کورٹ سے ضمانت کی درخواست واپس لینے کا حکم دے دیا ، اس حوالے سے فاضل جج نے کہا کہ بنکنگ جرائم کورٹ میں دونوں ملزمان کی ضمانتیں زیر سماعت ہیں ، قانون اجازت نہیں دیتا کہ ایک مقدمے کی دو مختلف عدالتوں میں ضمانتیں بیک وقت سنی جائیں ، بنکنگ جرائم کورٹ کا آرڈر لے کر آئیں پھر میری عدالت ضمانت دے گی ، اس کے بعد عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانتوں پر کارروائی ملتوی کردی۔