(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جھوٹ بولنے اور مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے عوام کو لوٹنے میں ٹاپ کرلیا، نئے پاکستان بنانے والوں نے ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا ہے .
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز پیش ہوئے اور حاضری لگائی جبکہ شہباز شریف کورونا کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے .
اس موقع پر احتساب عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کردی .
عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ کل صاف پانی کیس میں 16 افراد کو بری کر دیا گیا، قمرالاسلام کو انتخاب سے پہلے گرفتار کرکے قید رکھا گیا، مقدمے سے بری ہونے کا مطلب ہے کیس جھوٹ تھا، جھوٹ میں عمران نیازی نے سب سے زیادہ نمبر لیے ہیں .
حمزہ شہباز نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے کھیل کھیلا ہے، یہ کھلاڑی نہیں، کھلنڈرے ہیں، نون لیگ قائدین کے خلاف کیسز کو 4 سال ہونے کو ہیں، نواز شریف، شہباز شریف کو جیل میں ڈالا گیا ایک پائی ثابت نہ ہوسکی .
انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرول قیمتیں بڑھانے اور آئی ایم ایف کی غلامی کرنے جا رہی ہے، کورونا میں بخار کی دوائی نایاب ہو گئی ہے، آج کسان رل گیا ہے، عمران نیازی اور اس کے ترجمان روز نیا شوشہ چھوڑ تے ہیں، تم روز نیا شوشہ چھوڑو، لیکن عوام تمہیں نہیں چھوڑیں گے .
دوسری جانب حمزہ شہباز کی عدالت سے روانگی کے بعد لیگی کارکن آپس میں لڑ پڑے، کارکن حمزہ شہباز کی گاڑی کے قریب پہنچ کرنعرے لگانے کی دوڑ میں جھگڑے .
. .