گھر گھر کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم شروع

(قدرت روزنامہ)این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی ویکسینیشن کی خصوصی مہم شروع کردی ہے۔مہم کے تحت ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسین لگائیں گی۔عوام ہر صورت ویکسینیشن کرائیں۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ ہر شہری ویکسینیشن کروائے۔ پاکستان میں ویکیسن کی 18 کروڑ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

ان کاکہنا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ بوسٹرز بھی لگوا چکے ہیں۔بوسٹر ڈوز لگوانے والے افراد کو کورونا ہونے کے باوجود کم مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔کورونا ویکسین کے لیے خصوصی مہم شروع ہو چکی ہے۔ عوام کورونا ویکسین کے لیے گھرگھر مہم سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ 55ہزار ٹیمیں ویکسین کی خصوصی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ کورونا سے بچاؤ کا بہترین طریقہ ویکسی نیشن ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ 25لاکھ افراد بوسٹر ڈوز لگوا چکے ہیں۔ بوسٹر ڈوز لگوانے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔ بوسٹر ڈوز بھی مفت فراہم کی جا رہی ہے عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین والے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔