زرنش خان نے شادی سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت دیدی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی اداکارہ زرنش خان نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں جلدی شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔اسی حوالے سے زرنش خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شادی سے متعلق دیے ہوئے اپنے بیان پر وضاحت پیش کی ہے۔
اُنہوں نے اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’اتنی سی دنیا میں اتنے سارے لوگ ہیں، اتنے سارے خیالات ہیں، اتنی ساری تھیوریز ہیں‘۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا کہ’ اُن کا مطلب یہ ہے کہ اس دنیا میں کسی بھی سوال کاکوئی ایک جواب اور کسی بھی مسئلے کا کوئی ایک حل نہیں ہے‘۔اُن کا کہنا ہے کہ’حال ہی میں انہوں نے ایک بیان دیا تھا اور اس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ شادی جلدی کرنا زیادہ اچھا رہتا ہےکیونکہ اس وقت آپ کے لیے نئی زندگی میں ڈھلنا آسان ہوتا ہے‘۔
زرنش خان نے کہاکہ’ اُن کا یہ بیان سامنے آنے پر ساری فیمنسٹ اُن کے پیچھے پڑگئیں تو وہ اس بات کی وضاحت کردیں کہ اُنہوں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ جلدی شادی کرنا خواتین کے لیے اچھا ہے بلکہ اُن کا یہ خیال مجموعی طور پر ہے کہ جلدی شادی کرنے کے بعد زندگی میں آپ کے لیے کافی آسانی ہوجاتی ہے جوکہ حقیقت ہے‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’ جب آپ ایک مخصوص عمر کے حصّے تک پہنچ جاتے ہیں توپھر آپ اپنے آپ کو بدلنا نہیں چاہتے جبکہ شادی جوہے وہ مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے ایک سمجھوتہ ہوتا ہے تو اس کے لیے صبر اور تحمل چاہیے ہوتا ہے اور وہ عمر بڑھنے کے ساتھ کم ہوجاتا ہے‘۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ’ یہی وجہ ہے کہ اُنہیں لگتا ہے کہ اگر شادی جلدی ہوجائے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے‘۔تاہم، زرنش خان نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ’ ہر ایک کے خیالات مختلف ہوتے ہیں اور یہ سب کا ذاتی فیصلہ ہوتا ہے تو جسے جب صحیح لگےوہ تب شادی کرلے‘۔