خوردنی تیل اور پیٹرول کی درآمد مہنگائی میں اضافے کا باعث ہیں، ترجمان وزارت خزانہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہاہے کہ خوردنی تیل اور پیٹرول کی درآمد مہنگائی میں اضافے کا باعث ہیں،گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں برآمدات میں 18فیصد اور درآمدات میں 23 فیصد کااضافہ ہواہے. حکومت نے افراط زر اورتجارتی خسارہ پرقابوپانے کیلئے زرمبادلہ کے ذخائر استعمال کرنے کی بجائے متبادل حکمت عملی اپنائی جس کے مثبت اثرات تجارتی خسارہ میں کمی کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔
زرمبادلہ کے ذخائر 23 ار ب ڈالرکی بلندترین سطح پرہیں، ہماری کرنسی میں استحکام ہے،ا سٹاک مارکیٹ مستحکم ہے، ری بیسنگ سے قبل ہماری جی ڈی پی کی شرح نمو 5.37فیصد رہی ہے، جتنے اقتصادی اشاریئے ہیں وہ بہتر ہیں، برآمدات اورترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ ہورہاہے، آنیوالے مہینوں میں مہنگائی اورتجارتی خسارہ میں مزید کمی ہوگی۔
بدھ کو پریس کانفرنس میں مزمل اسلم نے کہاکہ جنوری کے مہینہ میں دسمبرکے مقابلہ میں درآمدی بل میں 23 فیصدکی کمی آئی ہے، دسمبرمیں پاکستان کا درآمدی بل 7.6ارب ڈالرتھا جو جنوری میں کم ہوکر 5.9ارب ڈالرہوگیا،اس کے برعکس جنوری میں برآمدات میں دسمبرکے مقابلہ میں 8 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں برآمدات میں 18 فیصد اوردرآمدات میں 23 فیصد کااضافہ ہواہے۔پاکستان کا ماہانہ تجارتی خسارہ جو گزشتہ ماہ 5 ارب ڈالرکی سطح پرچلاگیاتھا اب سوا تین ارب ڈالرکی سطح پرآگیاہے۔