آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کا نیا شیڈول
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کرکٹ آسٹریلیا نے دورۂ پاکستان کی منظوری دینے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ مہمان ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر دورۂ پاکستان کا آغاز کرے گی جبکہ سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، لہٰذا مہمان ٹیم اب 5 مارچ کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا، ان میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان سائیڈ 27 مارچ کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، جہاں آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
وائٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑی 24 مارچ کوپاکستان پہنچیں گے، یہ تمام کھلاڑی اپنی آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد اسکواڈ کے دیگرارکان سے مل سکیں گے، دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جبکہ تمام ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کا نیا شیڈول
27 فروری: مہمان ٹیم کی پاکستان آمد
4 تا 8 مارچ: پہلا ٹیسٹ، راولپنڈی
12 تا 16 مارچ: دوسرا ٹیسٹ، کراچی
21تا 25 مارچ: تیسرا ٹیسٹ، لاہور
29 مارچ: پہلا ون ڈے، راولپنڈی
31 مارچ: دوسرا ون ڈے، راولپنڈی
2 اپریل: تیسرا ون ڈے، راولپنڈی
5 اپریل: واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، راولپنڈی