شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان(قدرت روزنامہ)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ جن میں ایس ایم جیز، دستی بم اور کیلیبر راؤنڈز شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت عصمت اللہ عرف حافظ کے نام سےہوئی ہے۔ جب کہ دوسرے کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔مارے گئے دونوں دہشت گرد ملک میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
اس کے علاوہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے ملک میں دہشت گردوں کی کارروائیوں ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگی ہیں۔چند روز قبل دیشت گردوں نے بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کئے تھے جنہیں ناکام بنادیا گیا تھا۔