نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا غلطی تھی، وزیر اعظم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا غلطی تھی،پاکستان کی اسمبلی ڈیزل کے بغیرسولر پرچل رہی ہے۔
منڈی بہاوالدین میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ایک بھگوڑا میاں ہے ایک چھوٹا میاں ہے، چھوٹے میاں کا دل بہت کمزور ہے، شہباز شریف کو پتہ ہے کہ ان کا کیس چلا تو انہوں نے نہیں بچنا، اگر شہباز شریف بے قصور ہیں تو وہ کیوں عدالت سے بھاگ رہے ہیں، آج عدالتیں آزاد ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مریم صاحبہ کہتی ہیں کہ میرے پاس ٹیپیں ہیں، کبھی آپ نے سنا ہے کہ سیاستدان ٹیپ کے ذریعے کسی کو بلیک میل کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 30 برس بعد پاکستان کی اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے، ڈیزل 12واں کھلاڑی بناہوا ہے،فضل الرحمٰن ڈرا رہا ہے جلدی حکومت گرا دو ورنہ 2023 ء کا الیکشن بھی گیا ۔
انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے دورمیں چھوٹے میاں نے داماد کو باہر بھجوا دیا، اگرآپ نے چوری نہیں کی توڈرکس چیز کاہے؟ہاں عمران خان سے ڈرہے۔
ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کی کوئی قیمت نہیں مشرف کی طرح این آر او نہیں دیتا،جب تک یہ قوم کا پیسہ واپس نہیں کرتے ان کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، جب تک زندہ ہوں پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ پختونخوا الیکشن میں کسی کو دوبارہ موقع نہیں دیتا، پی ٹی آئی کو دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں، سپریم کورٹ پر آج کوئی حملہ نہیں کرتا ہم عدالتوں کی عزت کرتے ہیں۔