مہنگائی کا طوفان ، حکومت نے کم از کم کتنے ہزار اجرت بڑھانے پر غور شروع کر دیا ، عوام کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت 8 ہزار روپے بڑھانے پر غور۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی میں مسلسل اضافے کے بعد حکومت کی جانب سے عوام کو بڑا ریلیف پیکج دینے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے مطابق حکومت کم از کم اجرت میں اضافے سمیت دیگر کئی آپشنز استعمال کرنے پر غور کر رہی ہے۔حکومت کی جانب سے پڑول، میڈیسن پر ریلیف اور کم از کم اجرت بڑھانے پر غور کیا جا رہاہے۔ حکومت کر تجویز دی گئی ہے کہ کم از کم اجرت 2 سے 8 ہزار روپے تک بڑھا کر 28 ہزار روپے کی جائے۔

جبکہ موٹرسائیکل والے طبقے کو سستا پٹرول فراہم کرنے کے علاوہ صحت کارڈ کے ذریعے شہریوں کو رعایتی نرخ پر ادویات بھی فراہم کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق عوام کیلئے ریلیف پیکج کی حتمی منظوری وزیر اعظم عمران خان دیں گے۔ گزشتہ روز وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم جلد متوسط اور غریب طبقے کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عوام پر مکمل بوجھ نہیں ڈالیں گے،

لوئر مڈل کلاس سیلری کلاس والوں کی آمد بڑھائیں گے، چھوٹی گاڑیوں اور موٹرسائیکل والوں کیلئے اسکیم لا رہے ہیں، وزیر اعظم جلد پروگرام کا اعلان کریں گے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ 6 سے 8 ماہ کے دوران مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ دوسری جانب ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں0.22 فیصد اضافہ ہونے سے مجموعی شرح 18.09 فیصد ہوگئی ہے، اسی طرح سب سے کم آمدن والے طبقات کیلئے مہنگائی بڑھ کر 19.40 فیصد ہوگئی۔