نظام تعلیم میں نقائص، پری زاد نے حکام کی آنکھیں کھول دیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’پری زاد‘ کے مرکزی کردار نے محکمہ تعلیم کو نظام تعلیم بہتر بنانے کے لئے مجبور کردیا ہے۔ ڈرامے میں پری زاد کا کردار ادا کرنے والے اداکار احمد علی اکبر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس حوالے سے آگاہ کیا ہے۔


اداکار احمد علی اکبر نے بتایا ہے کہ پری زاد ڈرامے کے بعد بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے اردو میڈیم اسکولوں کے بجٹ پر نظر ثانی کرنے کے حوالے سے بات کی ہے۔اداکار نے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے پرائمری اردو میڈیم اسکولوں میں بہتری لانے اور ان کی نظام تعلیم کو بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لئے کام کیا جائیگا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ محکمے کا فیصلہ ہے کہ صوبے بھر کے تمام اردو میڈیم پرائمری اسکولوں کو انگریزی میڈیم اسکولوں کے مدمقابل لانے کی بھرپور کوشش کی جائیگی۔خیال رہے کہ ڈرامےکی آخر کی چند قسطوں میں پری زاد کو ایک اردو میڈیم اسکول کے ٹیچر کی حیثیت سے پیش کیا گیا تھا جہاں کے بچے بہت ہونہار ہوتے ہیں اور آگے پڑھنے کے خواہش مند بھی ہوتے ہیں ۔