نواز شریف کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ن لیگی رہنما نے نوازشریف کی واپسی بارے اعلان کر دیا
سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر دھاندلی کے ذریعے حکومت میں آنے والا سب سے بڑا ڈاکو ہے، نواز شریف کے ساتھی چٹان کی طرح اس کیساتھ ہیں، ہمیشہ وفاداروں کو ہی وفائیں ملتی ہیں، نواز شریف کو اقتدار میں آنے سے روکنے کا نتیجہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے،عنقریب نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔اگر نواز شریف کے ساتھ عوام ہیں تو انہیں اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، عمران خان کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے،ان کے اراکین ہم سے رابطہ کرر ہے ہیں، تاکہ کوئی منصوبہ بنائیں اور اسکی حکومت ختم کریں۔
اتوار کومسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ محمد آصف نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018کے الیکشن میں عمران خان کو ووٹ دینے والے بھی اب پچھتا رہے ہیں، میاں نواز شریف کے دور میں بجلی کا 43فیصد استعمال بڑھا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کی شرح کو ناپنے کا یہ بڑا پیمانہ ہے، کاروباری سرگرمیاں بڑھنے سے بجلی کا استعمال بڑھا، اس حکومت میں پانچ فیصد تک استعمال زیادہ ہوا ہے، میرے اندازے کے مطابق یہ الیکشن کا سال ہے، ہو سکتا ہے بلدیاتی انتحابات نہ ہوں اور عام انتخابات ہو جائیں، آپکے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر دھاندلی کے ذریعے حکومت میں آنے والا سب سے بڑا ڈاکو ہے۔میاں نواز شریف کے خلاف سازش تیار کی گئی۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میاں نواز شریف کے ساتھی چٹان کی طرح اس کے ساتھ ہیں، ہمیشہ وفاداروں کو ہی وفائیں ملتی ہیں، عمران خان جب ہمیں گالیاں دیتا تھا اس وقت پٹرول 62 روپے لیٹر تھا اور اس وقت 162 ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تو اس کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے، سلطان راہی والے ڈائیلاگ مارتا تھا چوروں ڈاکوں کو نہیں چھوڑوں گا، جس طرح کا یہ لیڈر ہے اسکے ساتھی بھی ویسے ہی ہیں، جب تک ووٹ کی عزت بحال نہیں ہو گی اسی طرح کے چور چکے آتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کی طرح شہر کے بھی برے حالات ہیں سارا شہر اجاڑ کر رکھ دیا گیا ہے، نواز شریف کو اقتدار میں آنے سے روکنے کا نتیجہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے، آج ہر کسی کی زبان پر ہے کہ نواز شریف کی ضرورت پڑ گئی ہے، سروے کے مطابق نواز شریف مقبولیت میں تین صوبوں میں برتری پر ہے۔یہ سچ کی فتح ہے کہ عوام نواز شریف کو یاد کررہے ہیں،عنقریب نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔اگر نواز شریف کے ساتھ عوام ہیں تو انہیں اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان تم جائو کوئٹہ پشاور کراچی میں جا کر جلسے کرو تم ایک پسماندہ علاقے میں جاکر جلسہ کر کے کیا ثابت کرنا چاہتے ہو ؟ پچھلے ستر سالوں میں کسی حکمران کو اتنی سپورٹ نہیں ملی، لیکن پرفارم کیا کیا ؟ کل پھر بجلی مہنگی کر دی۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر بجلی کے بل کو آگ لگا کر رنگبازی کرتا تھا، بنوں میں بیٹھ کر وزیرستان ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرنے کا شور ڈالتا رہا، اقتدار سے باہر نکلے گا تو ہمارے ساتھ سیاسی میدان میں مقابلہ کرے گا تو اوقات یاد آجائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری عوام بہت باشعور ہے، جتنی گالیاں اسکو پڑ رہی ہیں آج تک کسی حکمران کو نہیں پڑیں، عمران خان تو اجلاس میں آنے کی بھی جرات نہیں کرتا۔مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ ہمیں تو اسپیکر کی جانب سے درخواست کی جاتی ہے کہ عمران خان نے آنا ہے اسکو تقریر کرنے دینا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے،ان کے اراکین ہم سے رابطہ کرر ہے ہیں، تاکہ کوئی منصوبہ بنائیں اور اسکی حکومت ختم کریں۔