گاڑیوں کے اندر اس ہینڈل کی موجودگی کا حقیقی مقصد جانتے ہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لگ بھگ سب گاڑیوں کے اندر ایک فیچر ایسا ہے جو لوگوں نے دیکھا تو ہوتا ہے مگر بیشتر کو اس کا حقیقی مقصد معلوم نہیں۔یہ فیچر ہے گاڑی کے اندر دروازوں کے اوپر موجود ہاتھ سے تھامے جانے والے ہینڈل، جو نشستوں کے برابر میں کھڑکی کے اوپر ہوتے ہیں۔کچھ افراد تو ان کو کپڑے ٹانگنے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں اور کچھ گاڑی کی تیز رفتار سے گھبرا کر ان کو پکڑ لیتے ہیں تاکہ دھچکوں سے بچ سکیں۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ان کا حقیقی مقصد بالکل مختلف ہے اور وہ سفر کے دوران پکڑنے کے لیے نہیں بنے ہیں۔بنیادی طور پر اس طرح کے ہینڈل دینے کی وجہ لوگوں کو گاڑی میں داخل ہونے اور باہر نکلنے میں آسانی یا مدد فراہم کرنا ہے۔
جی ہاں واقعی جیسے آپ کسی بڑی گاڑی میں داخل ہورہے ہیں تو اس ہینڈل کے سہارے زیادہ آسانی سے اندر داخل ہوسکتے ہیں۔اسی طرح نیچے اترتے ہوئے بھی ان کی مدد لی جاسکتی ہے تاکہ چھلانگ لگانے سے بچ سکیں۔
اس کے مقابلے میں کسی چھوٹی گاڑی میں صورتحال بدل جاتی ہے اور ان میں یہ ہینڈل معذور، بزرگ افراد کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین کے لیے بہت مددگار ہوتے ہیں۔اور ہاں اکثر گاڑیوں مین ڈرائیور کے دروازے کے اوپر یہ ہینڈل نہیں ہوتے جس کی بھی چند وجوہات ہوسکتی ہیں۔
ان میں سے ایک تو یہ ہے کہ اسٹیئرنگ وہیل ہی ایک عارضی ہینڈل کا کام کرتے ہیں جس کے سہارے ڈرائیور گاڑی میں داخل یا باہر نکل سکتا ہے۔اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیور کے لیے کھڑکی کے اوپر ہینڈل کو تھامنا ممکن نہیں کیونکہ اس سے حادثے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔