محمد حفیظ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونیوالے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے پاکستانی بلے بازوں میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔ قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کے میچ میں محمد حفیظ نے خوشدل شاہ کا سامنا کیا جنہوں نے پہلی ہی گیند پر انہیں سٹمپ آئوٹ کروادیا، یہ محمد حفیظ کے کیریئر میں 25 واں موقع تھا جب وہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے جس کے ساتھ وہ زیادہ بار صفر پر آئوٹ ہونے والے ملکی بلے بازوں میں 5ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔
محمد حفیظ اب تک 365 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 25.62 کی اوسط سے 7714 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 2 سنچریاں اور 42 نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہوں یہ رنز 123.18 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں۔
کسی پاکستانی بلے باز کی جانب سے اس فارمیٹ میں زیادہ بار صفرپر آئوٹ ہونے کا منفی ریکارڈ مشترکہ طور پر شاہد آفریدی، کامران اکمل اور عمر اکمل کے پاس ہے جو اب تک 27،27 مرتبہ بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوئے ہیں۔
سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور فاسٹ باؤلر سہیل تنویر 25،25 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں ، آل رائونڈر عماد وسیم 21 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوچکے۔ فاسٹ بائولر وہاب ریاض 20 مرتبہ اپنے نام کے آگے انڈہ درج کروا کر پوویلین لوٹے۔ سابق کپتان شعیب ملک 18 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے۔ قومی اوپنر احمد شہزاد 17 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔
ٹیسٹ کرکٹر خرم منظور اور شاداب خان 15، 15 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ،عمر گل ، یاسر عرفات اور آصف علی 13،13مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے۔ آل رائونڈر فہیم اشرف، صہیب مقصود اور سابق فاسٹ باؤلرمحمد سمیع بھی 12، 12 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔
لیگ سپنر یاسر شاہ ، شرجیل خان،فخر زمان اور سابق آل راؤنڈر اظہر محمود 11،11 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچا ر ہوئے۔ فاسٹ بائولر سہیل خان بھی 10 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ چکے ہیں۔