اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان یورپ اور امریکا کے ساتھ قریبی تعلقات بھی اپنی جگہ رہیں گے، کسی کی خواہش پر اپنے تعلقات ختم نہیں کر سکتے،انہوں نے کہا کہ ہمیں آزاد خارجہ پالیسی میں توازن رکھنا ہے،دیکھیں گے ہمارا مفاد کیا ہے . فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اگلا دورہ یورپ کا ہے .
جبکہ وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پچھلے آٹھ دس مہینوں میں پاک روس گیس پائپ لائن منصوبے میں کافی تیزی آئی ہے،انہوں نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاخیر کی وجہ ایم او یو کا اسٹرکچر اور کچھ کمپنیز پر ہمارے اعتراضات تھے جو دور کر لیے گئے ہیں . امید ہے اس سال کے آخر تک منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کرلیں . خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان 3 گھنٹے سے زائد طویل ملاقات ہوئی جس میں اسلاموفوبیا،گیس پائپ لائن اور یوکرین پر تبادلہ خیال کیا گیا .
روسی صدر کی جانب سے وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا . روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں کی خطے اور جنوبی ایشیاء کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، روسی صدر اور وزیراعظم عمران خان نے نے باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا . بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی روس کے نائب وزیراعظم برائے توانائی الیگزینڈرنوویک سے ملاقات ہوئی،
جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت معاشی اور دفاعی شعبہ میں تعاون پر اتفاق کیا گیا . وزیراعظم آفس اور روس کے صدارتی محل سے ملاقات کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کریملن میں صدر ولادیمیر وی پیوٹن سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر وسیع مشاورت کی گئی .
. .