پاکستان

وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد لانے کیلئے اپوزیشن کو مزید کتنے ووٹ درکار ہیں؟ نمبر گیم کی صورتحال واضح ہو گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے متحدہ اپوزیشن سرگرم ہے اور اسے کامیابی کے لیے 10 ووٹ درکار ہیں، اب تک قومی اسمبلی میں کس جماعت کے پاس کتنے اراکین اسمبلی ہیں؟ قومی اسمبلی میں نمبر گیم کی صورتحال اس وقت کیا ہے؟ اس پر نظر دوڑائی جائے تو ایوان میں ارکان کی کل تعداد 342 ہے۔تاہم این اے 33 ہنگو سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خیال زمان اورکزئی کے انتقال بعد ارکان کی تعداد 341 ہو گئی۔وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے کم از کم 172 ارکان درکار ہیں، تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کی کل تعداد 179 بنتی ہے،

اپوزیشن کے پاس 162 ارکان کی حمایت موجود ہے۔ قومی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے 155، مسلم لیگ ق کے 5، ایم کیو ایم کے 7، جی ڈی اے کے 3، آل پاکستان مسلم لیگ کا 1، بلوچستان عوامی پارٹی کے 5 اور شاہ زین بگٹی کی ایک نشست ہے جبکہ ایوان میں کل 4 آزاد امیدوار ہیں، دو ارکان حکومت کے ساتھ ہیں ۔رپورٹ کے مطابق اپوزیشن میں ن لیگ کی 84، پیپلزپارٹی 56 ، اے این پی 1، ایم ایم اے 15 اور دو آزاد امیدوار شامل ہیں، اپوزیشن ارکان کی کل تعداد 162 بنتی ہے، اپوزیشن کا ایک رکن علی وزیر اس وقت جیل میں ہے جبکہ حزب اختلاف کو اپنی تحریک عدم اعتماد کامیاب کرانے کیلئے مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کی حمایت کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن کے حکومتی اتحادیوں سے رابطوں کے بعد اب اتحادیوں نے آپس میں رابطے کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ایم کیو ایم کی قیادت نے مسلم لیگ ق کی قیادت سے رابطہ کیا۔ مسلم لیگ ق کے مونس الٰہی کی ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر امین الحق سے فون پر بات چیت ہوئی ۔ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی نے بھی وفاقی وزیر مونس الٰہی سے فون پر بات کی، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات پر اتفاق بھی ہوا ۔ جلد دونوں قیادتیں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے لیے مشاورتی ملاقات کریں گی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق سیاسی منظر نامے پر مشاورت سے چلیں گی۔

متعلقہ خبریں