پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی کھلاڑیوں کی فٹنس سے ٹیم منیجمنٹ پریشان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی کھلاڑیوں کی فٹنس سے ٹیم منیجمنٹ پریشان ہے۔بول نیوز کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز شروع ہونے میں چند ہی دن رہ گئے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو درپیش فٹنس مسائل نے ٹیم مینجمنٹ کو پریشان کردیا ہے۔
پی ایس ایل کا سیزن 7 اپنے اختتام پر پہنچ رہا ہے لیکن اس ایونٹ کے دوران کئی کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہوئے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی اسکواڈ میں شامل محمد نواز پہلے ہی انجرڈ ہو کر سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ جس کے بعد اب حسن علی اور فہیم اشرف بھی مختلف فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔
حسن علی اور فہیم اشرف کی فٹنس نے پاک آسٹریلیا سیریز سے قبل ٹیم مینجمنٹ کو پریشان کردیا ہے۔
ٹیم منیجمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کی پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت خدشات کا شکار ہے، میچ سے قبل اس حوالے سے مکمل جائزہ لیا جائے گا۔ کرکٹرز کی فٹنس میں اگر اگلے دو تین روز میں بہتری نہ آئی تو وہ سیریز سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ چار مارچ سے راولپنڈی میں شیڈول ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا 24 برس بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے، آخری مرتبہ آسٹریلیا نے 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔1998 کے بعد پاکستان کی تمام ہوم سیریز یو اے ای میں کھیلی گئی تھیں۔