گوشت کا کم استعمال کینسر کے خطرے سے بچاتا ہے، تحقیق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)غذا میں گوشت کا کم استعمال کینسر کے مجموعی خطرے میں کمی لاتا ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق گوشت کا غذا میں کم استعمال کینسر کے خطرے سے دور رکھتا ہے اس ہی طرح اگر گوشت کا زیادہ استعمال کیا جائے تو یہ صحت کے لئے نقصان دہ ہے اور کینسر میں مبتلا کرنے کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔
اس تحقیق میں 2006 سے لے کر 2010 تک کے افراد کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا جن کی عمر 40 سے 70 سال کے درمیان تھی پھر ان 4 لاکھ 72 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا میں غذائی عادات اور کینسر کے خطرے کے درمیان کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں شامل ان تمام افراد سے پوچھا گیا کہ وہ ہر ہفتے کتنی بار گوشت اور مچھلی کھاتے ہیں اور پھر ان کے جواب کو مدنظر رکھتے ہوئے کینسر کے کیسز کی شرح کا تخمینہ لگایا گیا۔ساتھ ہی ان افراد میں ذیابطیس، سماجی، معاشی اور طرز زندگی کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
2 لاکھ 47 ہزار 571 (52 فیصد) افراد ہفتے میں 5 بار سے زیادہ، 2 لاکھ 5 ہزار 382 (44 فیصد) افراد ہفتے میں 5 بار یا اس سے کم جبکہ 22 فیصد صرف مچھلی کھانے کے عادی تھے جبکہ باقی 2 فیصد سبزیوں تک محدود تھے۔
اس تحقیق کے دورانیے کے دوران 54 ہزار 961 افراد میں کینسر کی تشخیص ہوئی جو کہ ایک بڑی تعداد ہے جو کینسر میں مبتلا ہوئی۔
محققین نے دریافت کیا کہ ہفتے میں 5 بار یا اس سے کم گوشت کھانے والے افراد میں کینسر کا مجموعی خطرہ 2 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ گوشت کی جگہ صرف مچھلی کو توجیح دینے والوں میں یہ خطرہ 10 فیصد اور سبزیوں کو پسند کرنے والوں میں 14 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
اس تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کو مدِنظر رکھتے ہوئے ماہرین نے بتایا کہ ہفتے میں 5 بار یا اس سے کم گوشت کھانے والوں میں آنتوں کے کینسر کا خطرہ 9 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔اسی طرح یہ بات بھی سامنے آئی کہ صرف مچھلی کھانے والے مردوں میں مثانے کے کینسر کا خطرہ 20 فیصد جبکہ سبزی پسند کرنے والوں میں 31 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
محقیقین نے بتایا کہ درمیانی عمر کی خواتین اگر گوشت کی جگہ سبزیوں کو ترجیح دیں تو وہ بریسٹ کینسر کا خطرہ 18 فیصد تک کم کرسکتی ہیں، کیونکہ گوشت کھانے والی خواتین کے مقابلے میں ان کا جسمانی وزن کم ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
محققین نے مزید کہا کہ یہ مشاہداتی تحقیق تھی تو غذا اور کینسر کے درمیان تعلق کو حتمی نہیں کہا جاسکتا تاہم اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔طبی جریدے جرنل بی ایم سی میڈیسین میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں ماہرین نے کہا کہ مزید تحقیق میں دیکھنا ہوگا کہ بہت کم یا گوشت کے بغیر غذا سے لوگوں میں کینسر کا خطرہ کس حد تک کم ہوتا ہے۔