وہ وقت جب ساتھی اداکاروں کو پتہ چلا کہ تارا محمود شفقت محمودکی بیٹی ہیں تو ان کا کیا رد عمل تھا؟اداکارہ نے اپنی زندگی کا حیران کن واقعہ شیئر کر دیا

کراچی(قدرت روزنامہ)اداکارہ تارا محمود نے اپنے والد کی شناخت ظاہر ہونے کی دلچسپ کہانی بتائی ہے۔گزشتہ برس کے آغاز پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ بات منظرِ عام پر آئی کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی بیٹی شوبز سے منسلک ہیں، بعدازاں پتا چلا کہ وہ کوئی اور نہیں بلکہ تارا محمود ہیں۔ یہ بات اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی جب پاکستان عالمی وبا کے زیرِ اثر تھا اور اسکولوں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی جارہی تھی۔

ان دنوں متعدد صارفین نے اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹس کیے اور مضحکہ خیز انداز میں گزارشات کیں کہ والد سے کہیں کہ تعلیمی ادارے بند کردیں۔تاہم اب تارا محمود کا کہنا ہے کہ جب ساتھی اداکاروں کو پتا چلا کہ میں منسٹر کی بیٹی ہوں تو وہ صدمے میں تھے، لوگوں کا ردعمل بھی کافی غیر معمولی تھا کیونکہ میں نے کسی کو نہیں بتایا تھا کہ میرے والد کون ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب لوگوں کو اس بارے میں پتا چلا تو وہ فوری طور پر میرے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گئے اور وہاں اپنے تبصرے کرنے لگے۔تارا نے ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ میں پچھلے سال ایک ڈرامے کی عکسبندی میں مصروف تھی اور سیٹ پر خود گاڑی چلا کر جاتی تھی، تو میرے ڈائریکٹر دانش نواز آئے اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ تمہارا پروٹوکول کہاں ہے، تم منسٹر کی بیٹی ہو لیکن کہیں سے نہیں لگتا۔