علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ PSL 7 کے فائنل میں امپائرنگ کریں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی ایلیٹ پینل کے ارکان علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، دونوں امپائرز 27 فروری بروز اتوار کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ مجموعی طور پر 81 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کر چکے ہیں، یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب رچرڈ ایلنگ ورتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل میں امپائرنگ کریں گے تاہم علیم ڈار اس سے قبل لیگ کے پہلے، تیسرے، پانچویں اور چھٹے ایڈیشنز کے فائنل میں بھی امپائرنگ کرچکے ہیں۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل کے رکن مائیکل گف لیگ کے فائنل میں تھرڈ امپائر جبکہ احسن رضا فورتھ امپائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی آئی سی سی کے میچ ریفری روشن ماہنامہ کریں گے۔