صحافی اطہر متین قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار

کراچی (قدرت روزنامہ)صحافی اطہر متین قتل کیس کے ایک مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔نجی ٹی وی سے منسلک صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ایک مرکزی ملزم کو سندھ بلوچستان بارڈر سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ملزم اشرف بروہی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے، اس سلسلے میں مزید تفصیلات جلد میڈیا سے شیئر کی جائیں گی۔دوسری جانب صوبۂ سندھ کے وزیرِ اطلاعات سعید غنی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کراچی کے صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ملزم اشرف کو سندھ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ صحافی اطہر متین کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی۔واضح رہے کہ صحافی اطہر متین کے قتل کے الزام میں اس سے قبل بھی کئی افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔