کل کراچی سے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے،وزیر اعظم استعفیٰ دیدیں تو مارچ اور عدم اعتماد کی ضرورت نہیں، بلاول بھٹو

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہہمارا احتجاج ایک غیرجمہوری حکومت پر جمہوری حملہ ہے، اس غیر جمہوری حکومت کو ہٹانےکے لئے عدم اعتماد لانا چاہیے، عمران خان استعفیٰ دیں تو مارچ اور عدم اعتماد کی ضرورت نہیں، کل کراچی سے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے معاشی حقوق پر ڈاکے ڈالے گئے ، 3 سال میں مہنگائی میں جو اضافہ ہوا ہے تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا، عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے، اس پر احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی ایم ایف کو ہم پہلے دن سے نہیں مانتے، ہم پہلے دن سے اس حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ اس پی ٹی آئی آئی ایم ایف کا بوجھ عام آدمی اٹھارہا ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان اس آئی ایم ایف ڈیل سے نکلے اور نئی ڈیل کرے، ایسی ڈیل لائی جائے جو پاکستان کے مفاد میں ہو۔

ہم صرف اتنا چاہتے ہیں کہ فوری صاف اور شفاف الیکشن ہوں، جو بھی حکومت بنے اس کے پاس مکمل اختیارات ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ہٹاکر جو بھی سیٹ اپ لایا جائے وہ الیکشن کروائے، وہ پاکستان چاہتے ہیں جس کا وعدہ قائد عوام اور محترمہ بےنظیر بھٹو نے کیا تھا، نالائق حکومت نے تباہی مچائی ہے، تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پیج پر آنا پڑے گا۔ ہم صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔