3 سال ہوگئے نماز نہیں چھوڑی: نوشین شاہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے 3 سال سے کوئی نماز نہیں چھوڑی۔سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر نوشین شاہ کے انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جوکہ اُنہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیا تھا۔
نوشین شاہ نے کہا کہ تین برس سے پہلے، میں اپنی زندگی سے بالکل خوش نہیں تھی، میرا دل سکون میں نہیں تھا، مجھے ہر وقت بےچینی رہتی تھی اور میں جو کام کرنا چاہتی تھی، مجھ سے وہ نہیں ہوپا رہا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں مسلسل بےسکون رہتی تھی اور میری زندگی میں ایک دو راتیں ایسی بھی آئیں کہ میں جب سو نہیں سکی، میں روتی رہی اور میں نے اللّٰہ سے یہی دُعا کی کہ مجھے کسی طرح جائے نماز تک لے جائیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بس! اللّٰہ مجھے جائے نماز تک لیکر گئے اور آگے جو کرنا تھا وہ میرا کام تھا۔نوشین شاہ نے کہا کہ آج تین برس ہوگئے ہیں اور میں نے کوئی نماز نہیں چھوڑی، میری نماز قضا ضرور ہوجاتی ہے لیکن چھوڑتی نہیں ہوں۔