پاکستان

سرپرائز ڈے کے 3 سال مکمل، اسد عمر نے مودی کو فنٹاسٹک ڈیل آفر کردی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسد عمر نے سرپرائز ڈے کے 3 سال مکمل ہونے کی خوشی میں بھارتی وزیراعظم مودی کو فنٹاسٹک ڈیل آفر کردی۔
وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں آج کے دن کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے کہاکہ آج 27 فروری ہے، پوچھنا تھا مودی جی کسی کو چائے پینے کے لئے تو نہیں بھیجنا چاہتے؟
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ فضا سے زمین تک کا ایکسپریس سفر بھی، چائے کی پیالی کے ساتھ ، پیکج ڈیل میں آفر ہے۔اپنی ٹوئٹ کے آخر میں اسد عمر نے پاک ائیر فورس زندہ باد بھی لکھا ۔


سرپرائز ڈے کے 3 سال مکمل، آئی ایس پی آر نے نغمہ جاری کر دیا
27 فروری کا دن پاکستانی یقیناً سرپرائز ڈے کے نام سے یاد رکھتے ہیں،اس دن کی مناسبت سے آئی ایس پی آر نے نغمہ جاری کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس اہم ترین آپریشن کو تین سال کا عرصہ گزر جانے پر پاک فوج نے یہ نغمہ جاری کیا ہے۔ اس گانے میں 2019 کے آپریشن ’سوئفٹ ریٹارٹ‘ میں بہادری کی نئی داستان رقم کرنے والے پاک افواج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج نے ناکام بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے آج کے دن کی مناسبت سے شئیر کیے گئے اپنے پیغام میں کہاکہ آج 27 فروری کو ہم آپریشن ’سوئفٹ ریٹارٹ‘ کی تیسری سالگرہ منا رہے ہیں۔


آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ وارانہ عزم کا مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ نے دو بھارتی جنگی جہاز مار گرائے۔ پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر زوردار جواب دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جارحیت کے جواب میں صرف ہتھیار اور تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اورمسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں کامیاب رہتی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام کے اختتام میں پاکستان زندہ باد بھی لکھا۔

متعلقہ خبریں