سٹیزن پورٹل پر شکایت کرکےشہری کو اس کی زمین واپس مل گئی،15سال سے پھنسا معاملہ 1ماہ میں حل کروا دیا گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے سٹیزن پورٹل پر شکایت نے ایک اور شہری کو اس کی زمین واپس دلا دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی سجاد احمد کی سنی گئی ، جنہوں نے خان پور میں زمین پر قبضے کے خلاف سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کی تو 15 سال سے پھنسا ان کا کیس صرف ایک ماہ کے اندر حل کروا دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ شہری کی جانب سے کی گئی شکایت سے معلوم ہوا کہ ہری پور کی تحصیل خان پور میں قبضہ مافیا نے ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے حالاں کہ یہ زمین 15 سال پہلے ان کی والدہ نے خریدی تھی ، شہری کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد متعلقہ محکمے حرکت میں آئے اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرکے شہری کی زمین واپس دلا دی۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2018ء میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سٹیزن پورٹل بنایا گیا تھا ، اس کے تحت لوگ ملک بھر سے کسی بھی سرکاری محکمے، بلدیاتی اداروں اور دیگر کے خلاف شکایت درج کروا سکتے ہیں ، اس پلیٹ فارم نے عام آدمی کو صحیح معنوں میں باراختیار بناتے ہوئے اپنی شکایات کے ازالے کے لئے آواز فراہم کی ہے ، اسی کے باعث گذشتہ برس دسمبر میں سیٹیزن پورٹل پر ایک شکایت نے شہری کو 100 سال بعد زمین کا قبضہ واپس دلوا دیا تھا۔

سابق فیڈرل ایڈیشنل سیکرٹری احسن ملک نے دادی کی زمین نہ ملنے پر سیٹیزن پورٹل پر شکایت کا اندراج کروایا تو سابق بیوروکریٹ کی سیٹیزن پورٹل پر شکایت کام کرگئی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے فوری نوٹس لینے پر ان کا زمینی تنازعہ حل ہوگیا اور شہری کو 100 سال بعد زمین کا قبضہ واپس مل گیا ، سابق فیڈرل ایڈیشنل سیکرٹری احسن ملک نے سیٹیزن پورٹل پر فوری شکایت کے ازالے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔