تحریک انصاف مارچ ،پی ٹی آئی کے متعدد رہنما اور کارکن لٹ گئے
کراچی (قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے سندھ حقوق مارچ میں جیب کتروں کی چاندنی ہو گئی،پی ٹی آئی کے متعدد رہنما اور کارکن لٹ گئے، میڈیا نمائندوں کی جیبوں کا بھی صفایا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ حقوق مارچ میں جیب کترے سرگرم ہو گئے، مارچ میں شریک متعدد رہنما اور کارکن لٹ گئے، میڈیا سے وابستہ افراد کو بھی نہیں بخشا گیا۔
سیکیورٹی اسکواڈ کے خالد بلوچ اور رحمت کے موبائل فون چوری ہو گئے، میڈیا نمائندوں کے موبائل فون بھی جیبوں سے نکال لیے گئے، کئی افراد کے پرس بھی چوری ہو گئے۔مارچ کے پہلے دن ہی عوامی نمائندے، پی ٹی آئی سیکیورٹی اسکواڈ اور میڈیا نمائندوں کی جیبوں کا صفایا کیا گیا، ایم پی اے راجہ اظہر کی جیب سے 35 ہزار روپے نکال لیے گئے۔
جیبیں مارنے کے واقعات کمو شہید، سکھر اور شکار پور میں ہوئے، پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ رش والے مقامات پہ سب اپنی جیبوں کا خیال رکھیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ میں لوگوں راغب کرنے کیلئے 30 ، 30 ہزار روپے دیے ۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور میں سندھ حقوق مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرداری ٹولے نے اپنے مفادات کیلئے سندھ کے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے ، سنا ہے آج بلاول بھٹو پنجاب کے لیے نکل رہے ہیں ، بلاول بھٹو ساڑھے 3 سال کا حساب مانگنے اسلام آباد آرہے ہیں اور ہم حساب دینے کے پابند ہیں ، ہمارا دامن صاف ہے اور ہم حساب دینے سے نہیں گھبراتے ، میں بھی سندھ کی دھرتی میں بلاول بھٹو سے 15 سال کا حساب مانگنے آیا ہوں۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ شروع کردیا ‘ بلاول بھٹو زرداری نے مزار قائد پر کارکنوں سے ابتدائی خطاب کیا ، پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آغاز کراچی میں مزار قائد سے کیا ، جہاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بس بہت ہوگیاِ، تین سال دیکھ چکے اب سلیکٹڈ کو گھر جانا ہوگا ، عمران خان نے عوام کے ووٹ اور پیٹ پر ڈاکا مارا ‘ ہمارا مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے‘ کٹھ پتلی کے گھر جانے کا وقت آگیا ہے۔