یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوسکتا ہے ؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک میں یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، عالمی مارکیٹ کے مطابق ڈیزل و پیٹرول کی قیمتوں میں ساڑھے4 سے ساڑھے5 روپے تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس اضافے میں لیوی شامل نہیں ہے،حکومت قیمتوں کے حوالے سے کیا فیصلہ کرتی ہے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے ، ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 4 روپے فی لیٹر تک اضافہ بنتا ہے،جبکہ 4 روپے لیوی شامل کرنے سے پیٹرول کی فی لیٹرقیمت میں اضافہ ساڑھے 9 روپے بنتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 روپے لیوی شامل کرلیا جائے تو فی لیٹر ڈیزل اضافہ ساڑھے 8روپے بنتا ہے۔اس وقت پیٹرول پر لیوی 17اعشاریہ 92روپے فی لیٹر ہے،ڈیزل کی قیمت میں لیوی 13اعشاریہ 30 روپے فی لیٹر ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی صفر ہے،واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔