پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی بحران نہیں بلکہ مسلط نااہلوں کا ٹولا ہے، شیری رحمان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ عالمی بحران نہیں بلکہ مسلط نااہلوں کا ٹولا ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ مہنگائی اور نااہلی پر پردا ڈالنے کے لئے وفاقی وزراء سندھ میں ناکام مارچ کر رہے ہیں، تحریک انصاف کا سندھ میں ناکام مارچ سب نے دیکھ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف کے ناکام مارچ کے بعد اب وزیراعظم خود میدان میں اتر رہے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں عوامی مارچ سے حکومت کی بوکھلاہٹ اب کھل کر سامنے آ رہی ہے، حکومت کچھ بھی کر لے، قوم اب ان کو اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتی۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ اس غریب دشمن حکومت کی وجہ سے عوام ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کو تیار ہو جائے۔
انکا کہنا ہے کہ تباہی سرکار رواں ماہ 12 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد اب 10 روپے فی لیٹر سے زائد قیمت میں اضافہ کرنے جا رہی ہے، کہتے ہیں عالمی بحران کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے 3 سال میں تیل کی قیمتوں میں 65 روپے کا اضافہ کس عالمی بحران کی وجہ سے کیا گیا؟ 95 روپے فی لیٹر ملنے والا پیٹرول 160 روپے فی لیٹر کس عالمی بحران کی تحت ہوا ہے؟
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ صرف رواں مالی سال میں حکومت نے تیل کی قیمتوں میں 12 مرتبہ اضافے کیا ہے، کیا اس کی وجہ بھی عالمی بحران تھی؟ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ عالمی بحران نہیں بلکہ مسلط نااہلوں کا ٹولا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان نااہل اور ظالم حکمرانوں سے ملک و عوام کو نجات دلانے کے لئے پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ اسلام آباد کی طرف گامزن ہے، آئیے، مہنگائی اور اس ناکام حکومت کے خلاف چیئرمین بلاول بھٹو کا ساتھ دیں۔