نوجوان نے گھر میں گھس کر کچن میں کام کرتی لڑکی کو قتل کر دیا
کراچی(قدرت روزنامہ)بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد میں 15 سالہ طالبہ کو گھر میں گھس کر قتل کر دیا گیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کیماڑی فدا حسین جانوری کا کہنا تھا کہ بلدیہ کے علاقے سعید آباد میں نویں جماعت کی پندرہ سالہ طالبہ مدیحہ کو ایک ملزم نے اتوار کی شب گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے قتل کیا۔حمزہ نامی ملزم گھر میں داخل ہونے کے بعد کچن کے اندر گیا اور وہاں کام میں مصروف مدیحہ کے سر پر رکھ کر ٹریگر دبا دیا۔
مقتولہ کی بہن کے مطابق وہ ملزم کو جانتی تھی،ملزم کا گھر اس کے اسکول کے راستے میں ہے،وہ اکثر اسکول آتے جاتے ہوئے دونوں کو تنگ کرتا تھا۔مقتولہ کی چھوٹی بہن نے ملزم کو شناخت کیا۔ملزم کا ایک بھائی پی کیو آر میں سپاہی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کو وارددات کے تین گھنٹے بعد ہی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب چوہنگ کے علاقہ اتحاد ٹائون میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردا ت میں میاں بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا گیا ،پولیس نے چند گھنٹوں ملزم کو گرفتار کر لیا جو مقتول کا بھائی ہے اور اس نے جائیداد کی لالچ میں دوساتھیوںکے ساتھ مل کر قتل کی لرزہ خیز واردات کی ،سفاک ملزموں نے میاں بیوی کے ہاتھ پائوں باندھ کر چھریوں کے وار سے قتل کیا جبکہ بیٹی کو گلا دبا کر موت کی نیند سلا دیا ۔
بتایا گیا ہے کہ امانت علی نامی شخص چوہنگ کے علاقے اتحا د ٹائون میں اپنی بیوی شبانہ اور بیٹی ازل کے ہمراہ رہائش پذیر تھا کہ گزشتہ روز نا معلوم ملزمان نے تینوں کو قتل کر دیا اورفرار ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ میاں بیوی کو چھری کے وار کے قتل کیا گیا جبکہ بیٹی کوگلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتارا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوںنے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا ۔