روسی نیوکلیئر فورسز کو الرٹ کیے جانے کی خبروں پر امریکہ اور نیٹو کا ردعمل سامنے آگیا
واشنگٹن (قدرت روزنامہ) روسی نیوکلیئر فورسز کو تیار رہنے کی ہدایت کی خبروں پر نیٹو اور امریکہ کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں روسی نیوکلیئر فورسز کو ہائی الرٹ کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا روس کے انرجی سیکٹر پر پابندی عائد کرنے پر غور کررہا ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھومیس گرین فیلڈ نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے ایک پروگرام میں کہا کہ پوٹن کے اقدامات نے تنازع کو مزید بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین اور روس کے مابین مذاکرات کا امریکا خیر مقدم کرتا ہے تاہم روس کا اپنی نیک نیتی کو ثابت کرنا ابھی باقی ہے۔ دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینس اسٹولٹنبرگ نے سی این این سے گفتگو میں کہا کہ روس کی جانب سے یہ اقدام خطرے کا حامل ہے اور پوٹن کا یہ رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔