گزری میں غیر قانونی عمارت گرانے کا حکم

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے گزری میں قائم 5 منزلہ غیر قانونی عمارت کو گرانے کا حکم دیدیا ہے۔جسٹس حسن اظہر نےسندھ ہائیکورٹ میں گزری میں پانچ منزلہ غیر قانونی عمارت کے خلاف سماجی تنظیم کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے ایس بی سی اے حکام پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے استفسار کیاکہ گراؤنڈ پلس ٹو بنانے کی اجازت تھی، 5 منزلہ عمارت کیسے بن گئی؟ عمارت کی چھت پر پینٹ ہاؤس بھی بنایا گیا ہے، آپ لوگ کارروائی کرتے کیوں نہیں؟
انسپکٹر ایس بی سی اے نے کہا کہ میرا ساؤتھ زون میں ابھی تبادلہ ہوا ہے، جس پر عدالت نے پوچھا کہ اس سے پہلے کہاں تھے؟ انسپکٹر ایس بی سی اے نے بتایا کہ اس سے قبل میں ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تعینات تھا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ناظم آباد اور لالو کھیت میں کتنی غیر قانونی عمارتیں بنی ہوئی ہیں؟ اس سے پہلے کسی عمارت کو نوٹس دیا اور کسی کو گرایا؟ہائیکورٹ نے ایس بی سی اے انسپکٹر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کریں ورنہ آپ کے خلاف کارروائی ہو جائے گی۔
اس موقع پر ہائیکورٹ نے ایس بی سی اے کو حکم دیا کہ گزری میں پلاٹ نمبر 467 اور467 اے پر قائم عمارت گرا کر رپورٹ پیش کی جائے۔عدالت نے عمارت میں لگے بجلی، پانی اور گیس کے کنکشن منقطع کرنےکا حکم دیتے ہوئے سب رجسٹرار کو عمارت میں سب لیز دینے سے روک دیا اور کہا کہ بلڈنگ کا کمپلیشن سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے تک کسی کو سب لیز نہ دی جائے۔