صرف 19 سال کی عمر میں بالی ووڈ میں تہلکہ مچا نے والی دیویا بھارتی فلم انڈسٹری میں کیوں آئیں؟ والدہ کا ایسا انکشاف کہ حیرت کی انتہا نہ رہے
ممبئی(قدرت روزنامہ) آنجہانی بالی ووڈ اداکارہ دیویا بھارتی نے فلم نگری میں قدم رکھا اور راتوں رات شہرت کی ان بلندیوں کو پا لیا کہ شوبز سے وابستہ بیشتر لوگ عمر بھر نہیں پا سکتے . اپنے انتہائی مختصر کریئر میں دیویا بھارتی نے کئی سپرہٹ فلموں میں کام کیا اور پھر محض 19سال کی عمر میں ان کی اچانک موت ان کے کروڑوں مداحوں کو سوگوار کر گئی .
اتنے کم وقت میں اپنی خوبصورتی اور فن اداکاری سے تہلکہ مچانے والی اداکارہ کے بارے میں آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ انہیں اداکاری کا کوئی شوق نہیں تھا بلکہ وہ تعلیم سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے فلم انڈسٹری میں آ گئی تھیں .
ویب سائٹ ’زوم ٹی وی انٹرٹینمنٹ‘ کے مطابق دیویا بھارتی کی والدہ میتا بھارتی نے ایک بار اپنے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے بتایا تھا کہ ”دیویا بھارتی پڑھائی میں بالکل ’صفر‘ تھی اور کسی بھی طرح تعلیم سے جان چھڑانا چاہتی تھی، یہی وجہ تھی کہ اس نے فلم انڈسٹری جوائن کر لی، ورنہ دیویا کو شوبز انڈسٹری میں قطعاً کوئی دلچسپی نہیں تھی اور نہ ہی اسے کامیاب پرفارمر بننے اور امیر ہونے کا کوئی شوق تھا . “
انٹرویو میں میتا بھارتی نے مزید کہا تھا کہ” وہ کسی بھی طرح تعلیم سے جان چھڑا کر ایک ہاﺅس وائف بن کر زندگی گزارنا چاہتی تھی . اس کی ابھی شادی کی عمر نہیں تھی . ہماری رہائشی بلڈنگ کے سامنے والی عمارت میں ایک فلم پروڈیوسر رہتے تھے جنہوں نے دیویا کو دیکھا اور فلم کی آفرکرنی شروع کر دیں . ان کا منیجر روز ہمارے گھر آ جاتا اور گھنٹوں ہمارے پاس بیٹھا رہتا اور دیویا سے اصرار کرتا رہتا کہ وہ ان کی ایک فلم سائن کر لے . منیجر نے وعدہ کیا کہ فلم کا تمام کام صرف تین ماہ میں مکمل ہو جائے گا . منیجر کے کئی دن کے اصرار کے بعد ایک دن دیویا نے مجھ سے پوچھا کہ ’اگر میں فلم سائن کر لوں تو میری تعلیم کا کیا ہو گا؟‘ میں نے اسے بتایا کہ اس کے بعد تمہیں تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑے گی . یہ بات سنتے ہی اس نے کہا کہ ’میں آگے نہیں پڑھنا چاہتی، میں فلم سائن کرنے لگی ہوں . ‘اس کے بعد اس نے اپنے والد سے اجازت مانگی اور فلم سائن لی . اس کی یہ پہلی فلم ریلیز ہوتے ہی فلموں کی لائن لگ گئی . “
. .