بلاول کا مارچ عوامی مارچ نہیں بلکہ ذاتی مفاد مارچ علی زیدی نے چیئرمین پی پی کو آئینہ دکھا دیا
کراچی(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاہے کہ بلاول نے جوتے پڑنے کے ڈر سے پہلے ہی بدین میں دکانیں بند کروا دیں تھیں۔بلاول کا مارچ عوامی مارچ نہیں بلکہ ذاتی مفاد مارچ ہے۔بلاول زرداری کی بدین میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول کا مارچ چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے کے مترادف ہے، بلاول نے بدین والوں کو کراچی کے منصوبے گنوائے، بلاول یہ بتائیں کہ انہوں نے اب تک بدین کے لوگوں کو کیا دیا ہے؟پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہاکہ بلاول نے
بدین کو نظر انداز کر کے اپنی ہارکا بدلا لیا ہے، بدین کے باشعور عوام عام انتخابات میں زرداری مافیا کو مسترد کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول اپنے والد کی کرپشن بچانے کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، زرداری مافیا کے مقدر میں اب ٹھوکریں کھانا ہی لکھا ہے۔وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہاکہ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر عام عوام کا نقصان کیا گیا، بلاول کا مارچ عوامی مارچ نہیں بلکہ ذاتی مفاد مارچ ہے۔انہوں نے کہاکہ بلاول سندھ کے وسائل اور سرکاری مشینری کے ذریعے اپنے ذاتی مفاد کے لیے مارچ کررہے ہیں، بلاول کے مارچ میں سندھ کے سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد موجود ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ نے تبدیلی کی ہوا چلا دی ہے، سندھ کے عوام اب تحریک انصاف کے جھنڈے تلے جمع ہورہے ہیں۔2023 کے بعد بلاول کو سندھ میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔