ٹک ٹاک میں 10 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کرنے کی سہولت متعارف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا سے وابستہ کئی ایپس ایسی ہیں جو عوام میں بے حد مقبول ہیں ان ہی میں ٹک ٹاک بھی شامل ہے۔اس ایپ نے بہت ہی کم وقت میں دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی ہے۔ یہ ایپ صارفین کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جس میں وہ اپنی ویڈیوبنا کرپوسٹ کرتے ہیں۔
ٹک ٹاک میں پہلے صرف چند سیکنڈ کی ویڈیوپوسٹ کی جاسکتی تھی، تاہم اب کمپنی نے اس کو دورانیہ بڑھا کر 10 منٹ تک کر دیا یعنی ٹک ٹاک نےدس منٹ طویل ویڈیوپوسٹ کرنے کی سہولت متعارف کرادی ہے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے ویڈیوز کے دورانیہ میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے ابتدا میں صرف 15 سیکنڈ کی ویڈیوپوسٹ کی جاسکتی تھی پھر اسے بڑھا کر 60 سیکنڈ تک کیا گیا اور جولائی 2021 میں یہ دورانیہ 3 منٹ کردیاگیا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گہا ہے کہ وہ صارفین کو ایپ کے استعمال کا بہترین تجربہ فراہم کرنے کے لئے نئے ذرائع پرغور کرتے ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمپنی نے گزشتہ برس صارفین کے لئے طویل ویڈیوز کو متعارف کرایا، جس کی بدولت ٹک ٹاک کمیونٹی کو تخلیقی ویڈیوز بنانے اور پوسٹ کرنے لئے زیادہ وقت مل گیا۔ تاہم ہر دل عزیزایپ ٹک ٹاک اب 10 منٹ تک طویل ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی سہولت متعارف کرارہے ہیں، اسی کے ساتھ ہی یہ توقع کی جارہی ہے اس سے دنیا بھرمیں ٹک ٹاک کے صارفین کومزید تخلیقی مواقع میسر آسکیں گے۔
طویل ویڈیوز سے تخلیقی صلاحیتیں رکھنے والوں کواس طرح کا مواد بہتر بنانے میں مدد ملے گی جو کم وقت کی بنا پرمتاثر کن ثابت نہیں ہوتی تھی۔
چند سیکنڈ کی مزاحیہ یا دلچسپ ویڈیوزاوران کو آسانی سے فلپ کر کے دوسری دیکھنا صارفین کے دلوں میں جگہ بنا گیاتھا۔اس کے مقابلے میں 10 منٹ طویل ویڈیوز کا تجربہ کس حد تک کامیاب ہوتا ہے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا، مگر یہ بظاہر یوٹیوب کی نقل محسوس ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ یوٹیوب کی ویڈیوز بھی ابتدا میں 10 منٹ سے کم ہوتی تھیں۔یہاں پرٹک ٹاک کی جانب سے یہ بات واضح نہیں گئی ہے کہ اس کے ریکومینڈیشن الگورتھم میں طویل کلپس سے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
جبکہ طویل ویڈیوزکا دیکھنے کا مطلب یہ ہے کہ صارف ایپ پر زیادہ وقت گزارے اور وقت کے ساتھ مختصروائرل ویڈیوزکی تعداد میں کمی بھی آسکتی ہے۔ایک طرف ٹک ٹاک بتدریج یوٹیوب کو چیلنج دے رہا ہے جبکہ دوسری جانب دیگرسوشل میڈیا کمپنیوں کا طریقہ کارمختلف ہے۔
انسٹاگرام نے سب سے پہلے مختصر ویڈیوز کا فیچرمتعارف کرایا تھا ، یوٹیوب بھی اس میدان میں آگیا اور اس نے شارٹس فیچر پیش کیا، جبکہ اسنیپ چیٹ اور فیس بک میں بھی اب تک فیس بک جیسی مختصر ویڈیوز کے فیچر کا اضافہ کیاجاچکا ہے۔