آئمہ بیگ نے بگ باس کا حصہ بننے سے کیوں انکار کیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی سریلی، ورسٹائل اور نامور گلوکارہ آئمہ بیگ نے بتایا ہے کہ انہیں بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن13 میں شرکت کی پیشکش کی گئی تھی۔
پی ایس ایل 7 کا آفیشل سونگ گانے والی آئمہ بیگ، جنہوں نے مختصروقت میں اپنی آواز اور پر کشش شخصیت سے شائقین کے دلوں میں گھر کرلیا، نے حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہیں بگ باس سیزن 13 میں شرکت کی آفر کی گئی تھی تاہم انہوں نے یہ آفر ٹھکرادی۔
مختلف ڈراموں اور فلموں کیلئے پلے بیک سنگنگ کرکے شہرت حاصل کرنے والی آئمہ بیگ نے بتایا کہ جب انہیں بھارتی رئیلٹی شو میں شرکت کیلئے کال آئی تو وہ بہت حیران ہوئیں تاہم انہوں نے بھارت میں کام کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
گلو کارہ نے بتا یا کہ بگ باس صرف دیکھنے کی حد تک اچھا لگتا ہے لیکن اس میں حصہ لینے کا کبھی سوچ بھی نہیں سکتی ۔
واضح رہے کہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے ناصرف کوک اسٹوڈیو میں پرفارم کیا بلکہ وہ متعدد پاکستانی ڈراموں اور فلم کے لیے پلے بیک سنگنگ بھی کرچکی ہیں۔
بگ باس کے ابتدائی سیزن میں پاکستانی معروف اداکارہ وینا ملک نے بھی شرکت کی تھی جس پر انھیں جہا ں ایک طرف بے حد شہرت ملی وہیں اس کے ساتھ ساتھ مداحوں کی شدید تنقید کا نشانہ بھی بننا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا سے دوری کیوجہ خود ہی بتا دی
یہ با ت بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے میزبان بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ہیں جو کہ اس شو کی صرف ایک قسط میں میزبانی کرنے کا معاوضہ کروڑوں روپے لیتے ہیں۔
اس رئیلٹی شو میں سلیبرٹی کو ایک گھر میں 3 ماہ کا عرصہ گزارنا ہوتا ہے اور ان کا رابطہ دنیا سے مکمل طو ر پر کٹ جاتا ہے۔