نوٹ پی پی کا ووٹ عمران خان کا، یہ فارمولا برا نہیں، شاہ محمود

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کاخیال نہیں رکھا، نوٹ پی پی کا ، ووٹ عمران خان کا یہ فارمولا برا نہیں ہے۔عمرکوٹ میں سندھ حقوق مارچ کے شرکاء سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 10 سال سے عمر کوٹ کے عوام کوجگانے کی کوشش رہا ہوں، دھاندلی کے باوجود ان حلقوں میں مجھے ایک ایک لاکھ ووٹ ملا۔
انہوں نے کہا کہ جس نے تحریک انصاف کو چھوڑنا ہے وہ آج چھوڑ جائے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول تقریر کرتے ہیں پیچھے سے عمران خان کی آواز آتی ہے گھبرانا نہیں، لگتا ہے بچہ گھبرا گیا ہے،انہیں تو پکی پکائی ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہاں سے ہار کر بھی تمہارے گلے میں ترقیاتی کاموں کا ہار ڈال دیا، ہم نے یہاں 16 لاکھ گھرانوں کو 10،10لاکھ کا صحت کارڈ دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میری کوشش ہوگی عمر کوٹ کو بھی صحت کارڈ مل جائے، سندھ حکومت نے کسی بھی ضلع کو صحت کارڈ دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا سندھ حکومت صحت کارڈ دینے سے گھبرا کیوں رہی ہے۔