مغربی ممالک میں قوم کا پیسہ چوری کرنے کا کوئی سوچ نہیں سکتا، جاپان میں کوئی وزیراعظم پکڑا جاتا ہے تو خودکشی کرلیتا ہے: عمران خان
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مغربی ممالک میں قوم کا پیسہ چوری کرنے کا کوئی سوچ نہیں سکتا، قوم تب تباہ ہوتی ہے جب وہ برائی کو برائی سمجھنا چھوڑ دیتی ہے،جس قوم کا کردارا بڑا نہیں ہوتا وہ بڑی قوم نہیں بن سکتی، حق کا راستہ آسان نہیں، مشکلات سے بھرپور ہے، اپنے بچوں کو بتانا ہے کن اصولوں پر ریاست مدینہ نے بڑی طاقتوں کو شکست دی، میں نے مغربی اور اسلامی کلچر کو بہت قریب سے دیکھا ہے، سیرت نبی کا مطالعہ کرنے کے بعد میری شخصیت میں تبدیلی آئی ، مغربی ممالک اسلام کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا ہیں، جاپان میں کوئی وزیراعظم پکڑا جاتا ہے تو خودکشی کرلیتے ہیں، ایک شخص اربوں کی چوری کر کے بیرون ملک بیٹھا ہے، یہاں کہا جا رہا ہے اسے تقریر کرنے اور الیکشن لڑنے کی اجازت دو .
قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی کے مکمل فعال ہونے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تین ماہ کی محبت کے بعد رحمت اللعالمین اتھارٹی کے مکمل فعال ہونے پر بہت خوش ہوں .
ہمارا مقصد نوجوانوںکو قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنا ہے . دنیا اور آخرت میں فلاح کے لئے نبی کریم کے راستے پر چلنا لازم ہے . دنیا کی سو بڑی شخصیات میں نبی کریم کا نام سرفہرست رکھا گیا . نبی کریم کی دنیا میں امامت کرنے کے کچھ اصول تھے . وہ شخص کبھی کامیابی حاصل نہیں کرسکتا جو نبی کریم کے احکامات پر نہ چلے . ہم میں بہت بڑا مسئلہ ہے کہ ہم میں لاتعلقی ہے . حق کا راستہ آسان نہیں یہ دشواریوں سے بھرپور ہے . ہمیں اپنے بچوں کو یہ بتانا ہے کہ کن اصولوں کی بنیاد پر ریاست مدینہ نے بڑی طاقتوں کو شکست دی . میں کوئی اسلامی سکالر نہیں مجھے زندگی سے تجربہ حاصل ہوا ہے . میں نے دو مختلف ثقافتوںکو دیکھا ہے . مجھ میں نبی کریم کی زندگی پڑھنے کے بعد اصل تبدیلی آئی . میں نے مغربی اور اسلامی کلچر کو بہت قریب سے دیکھا ہے . میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہم نے اپنے بچوںکو سیرت نبی کی زندگی اور اصولوںکے بارے میں بتا دیا یہی طریقہ اس قوم کو اجاگر کرے گا . جس قوم کا کردار بڑا نہیں ہوتا وہ کبھی عظیم قوم نہیں بن سکتی . نبی کریم نے مدینہ کی ریاست میں دو اصول بنائے پہلا عدل و انصاف اور دوسرا فلاحی ریاست . نبی کی زندگی مکمل ضابطہ حیات ہے .
ان کا کہناتھاکہ مدینہ کی ریاست کا ایک اصول اچھائی کے ساتھ کھڑا ہونا اور دوسرا برائی کو ختم کرنا ہے . مغربی ممالک میں قوم کا پیسہ چوری کرنے کا کوئی سوچ نہیں سکتا مغربی ممالک اسلام کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا ہیں . اعلیٰ اخلاقی اقدار کے حامل معاشرے آج ترقی کررہے ہیں . دنیا میں غریب ملکوں میں سب سے زیادہ کرپشن ہے . ملک کرپشن کی وجہ سے غریب ہوتے ہیں . کرپشن ملکی وسائل کو تباہ کردیتی ہے . سوئٹزر لینڈ جیسے ملک میں کوئی کرپشن نہیں وہاں قانون کی بالادستی ہے . کرپشن کو قبول کرکے ہم خود کو تباہ کربیٹھتے ہیں . جب معاشرے برائی کو برائی نہیں سمجھتے تو وہ زبوں حالی کا شکار ہوجاتے ہیں . دنیا میں بڑے کردار والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں . مغربی سوسائٹی ہم سے بہت آگے ہے . چوروں پر پھول نچھاور کرنا اور قومی خزانہ لوٹ کر باہر بھاگ جانے والوںکو پذیرائی دینا غلط ہے . معاشرے میں جنسی جرائم میں اضافہ تشویشناک ہے . جنسی جرائم کو روکنے کے لئے حکومت کے ساتھ معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا . خاندانی نظام کے متاثر ہونے سے اقدار متاثر ہوتی ہیں . مغربی معاشرہ خاندانی نظام سے دور ہے .
وزیراعظم نے بتایا کہ خاندانی نظام کی شکست و ریخت سے بچے براہ راست متاثر ہوتے ہیں . سکالرز علماءاور اساتذہ کو اعلیٰ اخلاقی اقدار کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا . کردار سازی سے قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھتی ہےں . حضور کی سیرت پر عمل کرنے والے تمام لوگ عظیم رہنما بنے . ہمیں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے . مذہب کی بنیاد پر انسانوں کی تفریق نہیں ہونی چاہئے . لیڈر وہی ہے جو قوم کو یکجا کرے . پاکستانی قوم دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دینے والی قوم ہے . حکومت قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی . صحت کارڈ کے ذریعے غریب خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ پناہ گاہوں کے ذریعے بے سہارا افراد کو رہائش اور خوراک فراہم کی ہے .