پاکستان

حکومت کی جانب سے عوام کیلئے ایک اور خوشخبری ، 5 روپے فی یونٹ بجلی کا رعایتی پیکیج مزید موثر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے کمی کرنے کے بعد حکومت نے 5 روپے فی یونٹ بجلی کا رعایتی پیکیج مزید موثر بنانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ایک طرف روس اور یوکرین کی جنگ کے باعث دنیا بھر میں پٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت پاکستان کی جانب سے عوام پر نوازشوں کا سلسلہ جاری ہے ، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات بڑھنے کے باوجود پہلے وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے کمی کی جبکہ بجلی کا یونٹ 5 روپے سستا کیا ، اب وفاقی وزیر حماد اظہر نے قوم کو خوشخبری سنائی ہے کہ حکومت نے 5روپے فی یونٹ بجلی کا رعایتی پیکج کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ عوام کو عالمی مہنگائی کے اثرات سے بچانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، 5 روپے فی یونٹ بجلی کے رعایتی پیکیج کو مزید موثر بنانے کے فیصلے کی تفصیلات کا اعلان کل ایک پریس کانفرنس میں کروں گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے 28 فروری کو قوم سے خطاب میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10، 10 روپے فی لٹر جب کہ بجلی کی قیمت میں پانچ روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان دونوں چیزوں کی قیمتیں اگلے بجٹ تک نہیں بڑھائی جائیں گی، اس کے ساتھ انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کیلئے بھی 100 فیصد ٹیکس چھوٹ کا اعلان کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے سیکٹر میں کمپنیوں اور فری لانسرز کو 100فیصد ٹیکس چھوٹ ہو گی جبکہ اس شعبے میں سٹارٹ اپ پر سرمایہ کاری کرنے والوں کو کیپٹل گین ٹیکس میں 100فیصد چھوٹ ہو گی۔

متعلقہ خبریں