باکسر محمد وسیم نے شاہد آفریدی سے اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی سے فائٹ میں شرکت کرنے کی درخواست کر دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کے ٹوئٹ کے جواب میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں ان دنوں 19 مارچ کو ہونے والی فائٹ کے لیے ٹریننگ کر رہا ہوں۔
باکسر محمد وسیم نے شاہد آفریدی سے کہا کہ اگر آپ اپنے قیمتی وقت میں سے میرے لیے وقت نکال کر فائٹ میں شرکت کریں تو یہ میرے لیے اعزازکی بات ہوگی۔


واضح رہے کہ محمد وسیم 19 مارچ کو دبئی میں اپنی ٹائٹل فائٹ میں انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن میں ناقابل شکست فلائی ویٹ ورلڈ چیمپئن سنی ایڈورڈز کا مقابلہ کریں گے۔ اس حوالے سے پاکستانی باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ میرے پاس اپنے ملک کے لیے پہلا ورلڈ چیمپئن بننے کا یہ نادر موقع ہے اور میں اس کے لیے جیت کے لیے پرعزم ہوں۔
یاد رہے کہ شوقیہ طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے کوئٹہ کے مایہ ناز باکسر نے 2010 اور 2014 میں کامن ویلتھ گیمز میں چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔محمد وسیم نے 2015 میں پیشہ ورانہ باکسنگ کا آغاز کرنے کے بعد سے 13مقابلے کئے ہیں جن میں 12 میں کامیابی حاصل کی۔