فواد خان، کترینہ کیف کیساتھ فلم میں کام کیوں نہیں کرسکے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی سپر اسٹار فواد خان جو کہ سرحد پار بھارت میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکے ہیں، نامور بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم سائن کرنے کے باوجود بھی کام نہیں کرسکے۔یہ حقیقت ہے کہ فواد خان کی شاندار اداکاری کو ناصرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔
فواد خان نے اب تک بالی ووڈ کی تین فلموں میں کام کیا ہے اور ان کے کام کیا ہے، جن میں فلم’کپور اینڈ سنز‘، ’خوبصورت‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ شامل ہیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں ناصرف فواد خان کے کام کو پسند کیا گیا بلکہ اُنہیں فلم فیئر ایوارڈز میں فلم’خوبصورت‘ کے لیے بہترین ڈیبیو اداکار ہونے کے ایوارڈ دیا گیا۔یہی نہیں نامور بھارتی فلم ساز اور ہدایتکار اب بھی کئی فلموں میں فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔
نامور بھارتی فلم سازو ہدایتکار کرن جوہر نے اپنی فلم’بات پکّی‘ کے لیے بالی ووڈ کوئین کترینہ کیف کے ساتھ فواد خان کو کاسٹ کیا تھا جبکہ ہدایتکارہ ریما کگتی نے اپنی فلم’مسٹر چالو‘ کے لیے اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ فواد خان کو کاسٹ کیا تھا۔اس کے علاوہ ہدایتکار سنجے لیلہ بھنسالی نے اداکار فواد خان کو فلم’پدماوت‘ میں مہاراجہ رتن سنگھ کے کردار کے لیے کاسٹ کیا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان خراب سیاسی تعلقات کی بنا پر بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی کے بعد سے بھارتی فلم سازوں کی فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش اب تک ادھوری ہے۔
اس لیے سنجے لیلہ بھنسالی کو فلم’پدماوت‘ میں فواد خان کی جگہ شاہد کپور کو کاسٹ کرنا پڑا۔ تاہم، فلم’بات پکّی‘اور ’مسٹر چالو‘ کو بنانے کا ارادہ فلم سازوں کی جانب سے ملتوی کردیا گیا ہے۔