پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے پشاور میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے المناک واقعے میں شہید و زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں امن کی فضا کو ڈی ریل کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سیکورٹی ادارے ملک کے طول و عرض میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ دشمن نے اس وقت وار کیا ہے جب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں مسجد میں دھماکا ہوا جس میں 50 افراد شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں دھماکا مسجد کے اندر نماز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہوا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کارروائی شروع کردی ہیں، ریسکیو 1122 کی 15 ایمبولینسز موقعے پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 کے قریب زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی توعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بیشتر شدید زخمی ہیں، زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے باعث ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ اضافی طبی عملے کو بلایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی، بعد ازاں حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔