دھماکے میں ملوث ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لا کر فوری سزا دی جائے، چوہدری شجاعت
لاہور (قدرت روزنامہ)سربراہ مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے میں ملوث ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لا کر فوری سزا دی جائے۔تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین، پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے پشاور میں مسجد میں خود کش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ایسی گھناؤنی حرکت کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لا کر فوری قرار واقعی سزا دی جائے۔چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخواہ قانون کی بالادستی کی رٹ کو قائم رکھنے کیلئے جلد از جلد ملزموں کی گرفتاری عمل میں لائے تا کہ دوبارہ کسی کو ایسا کرنے کی جرأت نہ ہو۔
مونس الٰہی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کوجلد صحت یابی عطا فرمائے۔واضح رہے کہ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں مسجد میں دھماکا ہوا جس میں 50 افراد شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں دھماکا مسجد کے اندر نماز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہوا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کارروائی شروع کردی ہیں، ریسکیو 1122 کی 15 ایمبولینسز موقعے پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 کے قریب زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی توعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بیشتر شدید زخمی ہیں، زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے باعث ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ اضافی طبی عملے کو بلایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی، بعد ازاں حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔