پشاور میں دھماکا بیرونی سازش ہے، علی زیدی
کراچی (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ پشاور میں دھماکا بیرونی سازش ہے۔علی زیدی نے کہا کہ پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں، یہ بیرونی سازش ہے، شہیدوں اور زخمیوں کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کہ خلاف بڑی سازش کی کوششیں کی گئیں مگر ملک اوپر ہی گیا ہے، ملک میں سب سے بڑا سازش آصف زرداری اور چھوٹی سازش بلاول زرداری ہے، آصف زرداری ہماری شرافت کو مظلومیت کو کمزوری مت سمجھنا۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں مسجد میں دھماکا ہوا جس میں 50 افراد شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں دھماکا مسجد کے اندر نماز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہوا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کارروائی شروع کردی ہیں، ریسکیو 1122 کی 15 ایمبولینسز موقعے پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 کے قریب زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی توعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بیشتر شدید زخمی ہیں، زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے باعث ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ اضافی طبی عملے کو بلایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی، بعد ازاں حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔