پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ کامیابی سے جاری ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی (قدرت روزنامہ)مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ کامیابی سے جاری ہے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے بہترنتائج سامنے آئیں گے، پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہر سے قافلے لانگ مارچ میں شریک ہورہے ہیں، عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے، گھر دینے والوں نے عام آدمی کے گھر گرا دیے، عوامی مارچ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈی ایم سی نے خوبصورت فلاور شو منعقد کیا، ٹیبلو میں سرکاری اسکولوں کے بچوں کا اعتماد دیکھ کر خوشی ہوئی، سرکاری اسکولوں کے بچے کسی طرح بھی نجی اسکولوں کے بچوں سے کم نہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ماضی میں تباہ حال کئی پارکس کو تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ فعال کیا، کراچی کے شہری اب ان پارکس سے مستفید ہورہے ہیں، نئی انتظامیہ موسم بہار شہر میں لائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول ملک میں سیاسی بہار لانے کی کوشش کررہے ہیں، لوگو کا ماضی میں بہت استحصال کیا گیا، بلاول صاحب کا قافلہ اسلام آباد کے راستے میں ہے، جہاں جہاں وہ پہنچے لوگوں نے بلاول کے قافلے کا شاندار استقبال کیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لوگ بلاول بھٹو کا بیانیہ سمجھ رہے ہیں، پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا، لوگوں کے گھر گرا دیے، حکومت نے کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے لوگوں کو بے روزگار کردیا، عام آدمی سمجھتا ہے کہ بلاول ان کے دل کی بات کررہے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عمران کی حکومت میں عوام کو کچھ نہیں ملا، پیپلز پارٹی کو سندھ کی جماعت ہونے کا طعنہ دینے والے آج گھبرا گئے ہیں، حکومت نے اپنے اتحادیوں کو لفٹ کرانا شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کی خیریت بھی دریافت کی جارہی ہے، ہمارا قافلہ حیدرآباد پہنچا تو عمران خان کو پہلی گھبراہٹ ہوئی اور پیٹرول کی قیمت کم ہوگئی، عمران کو اندازہ ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں اپوزیشن اور عوام متحد ہورہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ بلاول کے بیانیے، عوام اور جمہوریت کی ہے، جب لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا تو دمادم مست قلندر ہوگا، پیپلز پارٹی بہار کی بات کررہی ہے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج معیشت تباہ ہوئی، ہم سیاسی بہار لانے کے لیے کوشاں ہیں۔