کامیاب نہ ہوئے تب بھی گھر نہیں بیٹھیں گے،بلاول بھٹو

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس چند دن کا وقت ہے اور اگر ہم کامیاب نہ ہوئے تب بھی گھر نہیں بیٹھیں گے۔ لاہور میں ندیم افضل چن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ ندیم افضل چن کو پارٹی میں واپس آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، پیپلز پارٹی جیالوں کی جماعت ہے، وہ تمام لوگ جنہوں نے ماضی میں کبھی بھی پیپلز پارٹی کا جھنڈا لہرایا تھا میں انہیں واپس پارٹی میں آنے کی دعوت دیتا ہوں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور اسپیکر دونوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہونی چاہیے، پہلے عدم اعتماد کس کے خلاف لانی ہے اس کا فیصلہ اپوزیشن متفقہ طورپر کرے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی اور جماعت پر سلیکٹڈ کا الزام عائد کیا جاسکتا ہے لیکن پیپلز پارٹی پر نہیں، پارٹی کی سی ای سی نے لانگ مارچ کا بڑا مشکل فیصلہ کیا، ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت شدید دباؤ میں ہے، عمران خان کے پاس چند دن کا وقت ہے، ہم حکومت کو ڈیڈ لائن دے رہے ہیں کہ عدم اعتماد سے قبل وزیراعظم مستعفی ہوجائیں اور اسمبلیاں توڑ دیں، اگر عمران خان استعفی نہیں دیتے تو ان کے خلاف اسلام آباد پہنچ کر عدم اعتماد لائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم جو تحریک عدم اعتماد لارہے ہیں وہ جمہوری اقدام ہے، ہم کامیاب نہ ہوئے تب بھی گھر نہیں بیٹھیں گے، ہم حکومت کو آگے جا کر بھی شکست دیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ساری جماعتیں صاف شفاف الیکشن کیلئے کروانے کے لئے کوشش کر رہی ہیں، وزیراعظم کا بندوبست کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امپائرز کا امتحان اگلے چند روز میں نظر آجائے گا، غیر جمہوری شکست کےخلاف جمہوری اقدام اٹھائیں گے۔