ای سِگریٹ پینے والوں کو خطرناک بیماری ہونے کا خطرہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ الیکٹرونک سِگریٹ خون میں شوگر کی سطح بلند کرتے ہوئے، صارفین کو ذیابیطس کی نہج تک لے جانے کا خطرہ بن سکتی ہیں۔تحقیق کے مطابق وہ لوگ جو ویپنگ ڈیوائسز پر کش لگاتے ہیں ان میں ممکنہ طور پر بلڈ شوگر کی سطح ان لوگوں کی نسبت 22 فی صد زیادہ ہوتی ہے جنہوں نے کبھی ای سِگریٹ استعمال نہیں کی ہوتی۔
امریکی ریاست میری لینڈ میں قائم جان ہوپکنس بلُومبرگ اسکول آف پبلک ہیلتھ میں امریکی محققین کی ٹیم نے امریکا میں رہنے والے 6 لاکھ لوگوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔تجزیے میں انہوں نے ای سگریٹ کے استعمال اور پری ڈائیبیٹیز کے درمیان تعلق دیکھا۔
پری ڈائیبیٹیز صحت کی ایک سنگین صورت حال ہوتی ہے جس میں بلڈ شوگر لیول عمومی سطح سے زیادہ ہوتی ہیں، لیکن یہ اتنی بلند نہیں ہوتیں کہ ٹائپ 2 ذیابیطس کی تشخیص ہو۔امیریکن جرنل آف پریونٹِو میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ ای سگریٹ پیتے ہیں صرف ان کے ساتھ ہی یہ معاملہ نہیں ہوتا بلکہ لوگ جو پینا چھوڑ چکے ہیں ان کے بلڈ شوگر کی سطح ممکنہ طور پر 12 فی صد زیادہ ہوتی ہے۔