بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف ٹوئنکل کھنہ بھی میدان میں آگئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ اور سماجی کارکن ٹوئنکل کھنہ بھی ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب کے معاملے پر میدان میں آگئی ہیں۔
بالی وڈ کی سابق اداکارہ اور سپر اسٹار اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے ویسے تو فلم نگری سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے لیکن وہ سوشل میڈیا پر بھارت میں سماجی اور سیاسی معاملات پر طنزیہ انداز میں اپنی رائے دینے کی وجہ سے بہت مشہور ہیں۔
کئی دیگر معاملات کی طرح ٹوئنکل کھنہ نے تعلیمی اداروں میں حجاب کے معاملے پر بھی عجیب و غریب انداز میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ٹوئنکل کھنہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کارڈ شیئر کیا ہے۔ جس میں انہوں نے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب کے معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
پوسٹ کارڈ میں ٹوئنکل کھنہ سے لکھا ہے کہ برقع، حجاب یہاں تک کہ گھونگٹ نے بھی ہمارے مذہبی اور ثقافتی احیا میں کسی نہ کسی طریقے سے اپنا اثر ڈالا ہے۔ٹوئنکل کھنہ کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی طرح پردے یا گھونگھٹ کی حامی نہیں لیکن میرا خیال ہے کہ یہ فیصلہ صرف خواتین کو کسی بھی دباؤ یا دھونس میں آئے بغیر کرنا چاہیے۔
بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے آج تک یہ نہیں سنا کہ کسی شوہر یا محبوب نے اپنی بیوی یا محبوبہ کے سر کی تعریف کی ہو اور یہ کہا ہو کہ اپنے سر کی بناوٹ اور سجاوٹ اسی طرح کیا کرو ، اس طرح یہ زیادہ خوبصورت لگتا ہے۔